حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد مقدس جمکران کے متولی حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی اکبر اجاق نژاد نے رہبرِ شہید انقلاب کی تشییع کے انتظامات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم کے دفتر کی خواہش ہے کہ نمازِ جنازہ مسجد مقدس جمکران میں ادا کی جائے، اسی لیے روضۂ مقدس کے خدام نے شب و روز محنت کرکے اس اہم تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ نمازِ جنازہ شایانِ شان انداز میں ادا ہو اور اس کے بعد قم میں لاکھوں سوگواروں کی شرکت کے ساتھ تشییعِ جنازہ کے لیے بھی جامع انتظامات کیے جائیں۔
سید علی اکبر اجاق نژاد نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے رہبرِ شہید کو الوداع کہنے کی سعادت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ذمہ دار اداروں پر زور دیا کہ جہاں تک ممکن ہو، تشییع کا راستہ عوام کی شرکت کے لیے کھلا رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس تاریخی مراسم میں شریک ہو سکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قم میں ہونے والی اس عظیم تشییع جنازہ میں مراجعِ عظام، حوزۂ علمیہ کے اساتذہ، علماء، دانشور، ممتاز شخصیات، اندرون و بیرونِ ملک سے آنے والے مہمان اور لاکھوں عوام شرکت کرکے رہبرِ شہید انقلاب کو تاریخی انداز میں خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔









آپ کا تبصرہ